اسلام آباد: شہریوں کی جانب سے سٹیزن پورٹل پر شکایات کی گئی تھیں کہ موٹر وے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی زائد قیمتیں وصول کی جارہی ہیں
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹر وے کو حکم دیا ہے کہ ریسٹ ایریاز میں ٹک شاپس پر اشیاء کی زائد قیمتوں میں وصولی پر سخت ایکشن لیا جائے۔
عمران خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ موٹر وے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی قیمتوں کا جائرہ لینے کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جو دن اور رات کے مختلف اوقات میں ٹک شاپس پر اچانک چھاپے ماریں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ضلعی انتظامیہ کی مدد بھی لی جائے اور سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کے اندراج کی آگاہی کے لیے بینرز بھی آویزاں کیے جائیں۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے نوٹس کے بعد ابتدائی رپورٹ 21 روز میں تیار کی جائے جس میں وزیراعظم کو قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ایکشن لینے سے پہلے اور بعد کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔