اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق میگا منی لانڈرنگ ریفنرس، پارک لین ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت کی، جہاں سابق صدر آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے
دوران سماعت عدالت میں سب سے پہلے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کا معاملہ آیا جہاں آصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور، انور مجید اور عبدالغنی مجید پر فرد جرم عائد کی گئی۔
اس موقع پر آصف زرداری، فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
جس پر عدالت نے مذکورہ معاملے کی سماعت کو 13 اکتوبر تک ملتوی کردیا اور اسی روز تمام گواہان کو طلب کرلیا۔
پارک لین ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کا معاملہ آیا تاہم عدالت میں ملزم شیرعلی کی عدم موجودگی کی وجہ سے فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
عدالت نے کہا کہ جب تک سارے ملزمان حاضر نہ ہوں فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی۔
ساتھ ہی مذکورہ ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔