ایف اے ٹی ایف سے متعلق 8 میں سے 6 بلز پر اتفاق

ایف اے ٹی ایف سے متعلق 8 میں سے 6 بلز پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید نوید قمر نے یہ امید ظاہر کرتے ہوئے کہ بل بآسانی اسمبلی سے منظور ہوجائیں گے کہا کہ ’حکومت نے ہماری تمام ترامیم منظور کرلی ہیں جس سے ہم سمجھوتے پر پہنچ گئے ہیں

حکومت بقیہ 2 بلز، انسداد منی لانڈرنگ (دوسری ترمیم) بل 2020 اور کوڈ آف کرمنل پروسیجر (ترمیم) بل 2020 کو مؤخر کرنے اور ان دونوں قانون سازیوں پر کچھ وقت بعد بات چیت کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔
قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ نے آج کے اجلاس کے لیے 16 نکاتی ایجنڈا جاری کیا ہے جس میں وہ 6 بلز بھی شامل ہیں جن پر اتفاق ہوچکا ہے۔
جن بلز پر اتفاق ہوگیا ہے ان میں ان بلز میں انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بلز 2020، لمیٹڈ لائبلیٹی پارٹنر شپ (ترمیمی) بل 2020، کمپنیز (ترمیمی) بل 2020، نشہ آور اشیا کی روک تھام کا (ترمیمی) بل 2020، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری وقف پراپرٹیز بل 2020 اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ٹرسٹ بل 2020 شامل ہے۔
یہ پیش رفت حکومت اور اپوزیشن کے نمائندوں پر مشتمل ایک اجلاس میں ہوئی جو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی رہائش گاہ پر ہوا تھا۔
ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلز قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا ارادہ مؤخر کرتے ہوئے بلز پر اتفاق رائے کے لیے اسپیکر اسمبلی اسد قیصر کے ذریعے اپوزیشن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیوں کہ اس سے قبل اسپیکر کی کوششوں کی ہی بدولت حکومت 3 بلز منظور کروانے میں کامیاب ہوئی تھی۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ( ن) کے رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ جب تک وہ ترمیم نہ کرلیں وہ ان بلز کو پارلیمان سے منظور نہیں ہونے دیں گے جس پر حکومت نے اپوزیشن سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی حکومت، پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سخت مشاورت کے بعد میوچوئل لیگل اسسٹنس (مجرمانہ معاملات) بل پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے منظور کروانے میں کامیاب ہوگئی تھی جو دیگر ممالک کے ساتھ مجرمان کے تبادلے سے متعلق تھا۔
حکومت جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی اور نیشنل پارٹی کے احتجاج کے باوجود اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی حمایت سے انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بل 2020 اور اقوامِ متحدہ (سیکیورٹی کونسل) (ترمیمی) بل 2020 پارلیمان کے دونوں ایوان سے منظور کروا چکی ہے۔
ان بلز کی منظوری پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر لانے کے لیے ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں

وزیراعظم عمران خان نے ناحقئی سرنگ، شیخ زید روڈ کا افتتاح کردیا

وزیراعظم عمران خان نے ناحقئی سرنگ، شیخ زید روڈ کا افتتاح کردیا

مہمند: مہمند میں یہ منصوبے یواےای کے تعاون سے عوام کے لیے تحفہ ہیں اس …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے