پیپلز پارٹی نے چار سال تک نواز لیگ کے ہر گناہ میں برابر کا ساتھ دیا ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کی ایک دوسرے پر تنقید عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے ہے، پیپلز پارٹی نے چار سال تک نواز لیگ کے ہر گناہ میں ان کا برابر کا ساتھ دیا ہے، ان حکمرانوں کی اصل ترجیحات سمندر پار بینکوں کے اکاؤنٹس میں اضافے اور جائیدادوں کو بنانا ہے، عوام کو بنیادی ضروریات سے جان بوجھ کر محروم رکھنا ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے، اس وقت ملک میں ایک ایسا ماحول بنادیا گیا ہے جو کوئی ان حکمرانوں کی کرپشن میں پردہ پوشی میں ان کا ساتھ دے گا وہ ہی اس ملک میں اقتدار کے مزے لوٹ سکتا ہے۔ عادل ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں صحت کے مسائل اس قدر خراب ہیں کہ کسی بھی مریض کا صحت یاب ہونا یا ان کو ہسپتالوں میں بہتر سہولیات ملنا ایک خواب بن چکا ہے، جبکہ تعلیمی اداروں میں نشے کا استعمال بھی مستقبل کے معماروں کو تباہ کرنے کے لئے عام ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شریف برادران کسی بھی لحاظ سے صادق و امین نہیں ہیں، پانامہ کا فیصلہ جو بھی آئے مگر ان لوگوں کی کرپشن کی داستانیں اور اس کے ثبوت عوام کو زبانی رٹ چکے ہیں، کوئی بھی اب ان کے جھوٹے وعدوں اور دلفریب نعروں میں نہیں آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کا گٹھ جوڑ صرف عمران خان کی تحریک کو روکنے کی خاطر بنا ہے، مگر یہ سارے چور مل کر بھی حق اور سچ کے راستے کو نہیں روک سکتے، جبکہ اس وقت ملک کی عوام بے روزگاری اور مہنگائی کے ہاتھوں اس قدر مجبور ہیں کہ انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ وہ جائیں تو کہاں جائیں، جبکہ حکمرانوں کا یہ عالم ہے کہ ان کی دولت عرب شہنشاہوں اور بادشاہوں کی طرح بڑھتی ہی چلی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان کا 72 واں جشن آزادی

ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے آج …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے