فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے خلاف 24 مئی تک ریفرنس دائر کرنے کا حکم

فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے خلاف 24 مئی تک ریفرنس دائر کرنے کا حکم

کراچی: جمعرات کے روز معاملہ احتساب عدالتوں کے انتظامی جج کے سامنے آیا جہاں تفتیشی افسر پرویز ابڑو نے مزید وقت کی درخواست کی تاکہ نیب کو معاملے میں ریفرنس دائر کرنے کے قابل بنایا جاسکے

فریقین (پی اے ایف اور میکسم پراپرٹیز) تصفیہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ الاٹیز کو ریفنڈ کیا جاسکے۔
اس طرح کے انتظامات 14 مئی تک مکمل ہوجائیں گے جس کی وجہ سے اس کے لیے مزید وقت درکار ہوگا۔
تحقیقاتی افسر ابڑو پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جج نے مشاہدہ کیا کہ ملزمان کی گرفتاری اور معاملے کو عدالت میں لائے 120 روز گززر چکے ہیں۔
جج نے سوال کیا کہ اضافی وقت کی فراہمی کے باوجود ابھی تک اس معاملے میں ریفرنس کیوں نہیں دائر کیا گیا۔
عدالت نے تحقیقاتی افسر کو عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔
عدالت نے وکیل دفاع کی درخواست پر تحقیقاتی افسر سے ملزمان کے ذاتی سامان کے بارے میں بھی ایک رپورٹ طلب کی۔
گزشتہ سماعت پر تحقیقاتی افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ نیب کے 16 مارچ کو منعقدہ ریجنل بورڈ کے اجلاس میں مجاز اتھارٹی، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ معاملہ 18 مارچ کو مزید کارروائی کے لیے نیب ہیڈ کوارٹر بھیجا گیا تھا، ہیڈ کوارٹر نے کچھ اعتراضات اٹھائے تھے جنہیں حل کرنے کے بعد چیئرمین کے فیصلے کے لیے معاملہ اسلام آباد میں نیب کو بھجوا دیا گیا۔
تحقیقاتی افسر نے کہا تھا کہ اسی معاملے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں ایک جیسی درخواستوں کی سماعت کے دوران مشتبہ افراد کے وکیل نے کہا تھا کہ فریقین (پی اے ایف اور میکسم پراپرٹیز) کسی تصفیہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ الاٹیز کو ریفنڈ کیا جاسکے۔
لہذا انہوں نے اس سلسلے میں ایک رپورٹ پیش کرنے کے لیے وقت کی درخواست کی تھی جس پر انہیں 30 اپریل تک کی اجازت مل گئی تھی۔
تحقیقاتی افسر نے ایک رپورٹ پیش کی تھی کہ متاثرہ افراد سے زیادہ سے زیادہ رقم نکالنے کے ارادے سے دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر اس منصوبے کی جگہ کو پوشیدہ رکھا تھا اور عوام کو پی اے ایف کے نام پر چکما دیا تھا۔
اس میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ پی اے ایف نے متاثرہ لوگوں کو رقم کی واپسی کے لئے نیب کو پہلے ہی درخواست جمع کروائی ہے اور وہ مزید تمام ذمہ داریوں پر تصفیہ کے لیے تیار ہیں۔
تحقیقاتی افسر نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش کے دوران یہ بات ریکارڈ پر آچکی ہے کہ انھوں نے الاٹیز سے غیر قانونی طور پر 3 کروڑ 90 لاکھ روپے، پروسیسنگ فیس کے طور پر 7 کروڑ 70 لاکھ روپے، اپارٹمنٹس پر 9 ارب روپے، بنگلوں پر 5 ارب روپے چارج کیے اور ان کے غیر قانونی طور پر اکٹھا ہونے سے متعلق مزید حقائق کا سراغ لگایا جارہا ہے تاکہ فراڈ کی نوعیت کو سمجھا جاسکے۔
اراضی کی دھوکہ دہی کے بارے میں تحقیقاتی افسر نے کہا کہ مزید شواہد ریکارڈ پر آچکے ہیں کہ سندھ حکومت نے 2014 میں پہلے ہی زمینی حصول ایکٹ 1894 کے سیکشن 4 نافذ کرتے ہوئے کے 4 واٹر سپلائی منصوبے کے لیے اراضی کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے ملزمان نے اس حقیقت کو چھپایا اور پی اے ایف کو دوسرے ساتھیوں کی ملی بھگت سے 2015 میں اپنی رہائشی اسکیم کے لیے کے 4 منصوبے کے تحت آنے والی اراضی کو قبول کروانے میں کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بدعنوانی کے عزائم اس حقیقت سے ظاہر تھے کہ انہوں نے پہلے ہی سے کسی سرکاری منصوبے کے لیے مختص کی گئی زمین کے لیے لوگوں سے رقم اکٹھا کی تھی۔
متاثرین کی رقم کی بازیابی کو یقینی بنانے اور دیگر مستفید افراد کی تلاش کے 170 افراد/کمپنیوں، جن کو ادائیگی کی گئی تھی، کا کھوج لگایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

مذہبی و سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور وال چاکنگز ختم کرنا شروع

مذہبی و سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور وال چاکنگز ختم کرنا شروع

کراچی: ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ویسٹ عاصم خان قائمخانی کا کہنا ہے کہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے