کوریا نے 15 اپریل کو پہلے سے طے شدہ انتخابات کرا کر نئی تاریخ رقم کردی

کوریا نے 15 اپریل کو پہلے سے طے شدہ انتخابات کرا کر نئی تاریخ رقم کردی

کوریا: خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم دیکھا جا رہا ہے اور وہاں پر 15 اپریل کی صبح تک 11 ہزار سے بھی کم افراد کورونا سے متاثر ہوئے تھے جب کہ وہاں اس سے 260 کے قریب ہلاکتیں ہوئی تھیں

جنوبی کوریا نے ایک ایسے وقت میں پہلے سے طہ شدہ پارلیمانی انتخابات کرائے جب کہ دنیا بھر کے کم از کم 45 ممالک یا ریاستوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے انتخابات کو ملتوی کردیا ہے۔
امریکا کی تقریبا 18 ریاستوں سمیت یورپ کے متعدد ممالک، افریقی ممالک و ایشیائی ممالک کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث انتخابات کو عارضی طور پر ملتوی کردیا ہے، تاہم جنوبی کوریا نے دیگر ممالک کے بر عکس وقت پر انتخابات کرا کر دوسروں کے لیے مثال قائم کردی۔
رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریا کی حکومت نے پارلیمنٹ کی 300 نشستوں پر پہلے سے طے شدہ انتخابات کے لیے معمول کے مطابق صبح سے پولنگ کا آغاز کیا۔
جنوبی کوریا میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر ایک کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز 300 ارکان کا انتخاب کریں گے اور تقریبا 35 سیاسی جماعتوں کے ارکان قسمت آزمانے کے لیے انتخابی میدان میں اترے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 14 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے جب کہ 5 لاکھ 50 ہزار فوجی اہلکاروں کو پولنگ بوتھ پر سیکیورٹی انتظات کے لیے تعینات کیا گیا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے جنوبی کورین حکومت نے 15 اپریل سے قبل ہی ملک کے مختلف علاقوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کرکے لوگوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی تھی اور 13 اپریل سے 15 اپریل کی صبح تک 45 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز وقت سے پہلے ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے تھے۔
ملک بھر کے رجسٹرڈ ووٹرز کو خط کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے کی بھی اجازت دے رکھی ہے اور کئی لوگوں نے گھر بیٹھے ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے ووٹ پوسٹ کردیے۔
طے شدہ تاریخ کے مطابق 15 اپریل کی صبح 6 بجے جنوبی کوریا میں پولنگ کا آغاز کیا گیا اور اس دوران ہر ایک شخص کو کم از کم ایک میٹر کے فاصلے پر رہنے کی ہدایات کی گئیں۔
پولنگ کے دوران تمام ووٹرز کو فیس ماسک پہن کر آنے سمیت پلاسٹک کے دستانے اور حفاظتی لباس پہننے کی بھی ہدایات کی گئیں اور زیادہ تر افراد حکومتی ہدایات کے مطابق حفاظتی انتظامات کے بعد ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے۔
پولنگ کے دوران میڈیکل عملے کو بھی تعینات کیا گیا ہے یا پھر وہاں پر سیکیورٹی کے لیے مقرر کیے گئے اہلکاروں کو ووٹرز کا بخار چیک کرنے کی تربیت دی گئی اور بخار والے ووٹرز کو الگ ووٹ کاسٹ کرنے کا کہا گیا۔
جنوبی کوریا میں پارلیمنٹ کے لیے الگ جب کہ صدر کے لیے الگ انتخابات ہوتے ہیں، وہاں صدارتی انتخابات 2022 میں ہونے ہیں۔
جنوبی کوریا میں پارلیمانی انتخابات ہر 4 سال بعد جب کہ صدارتی انتخابات ہر 5 سال بعد ہوتے ہیں مگر صدارتی انتخابات وقت سے قبل بھی منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
جنوبی کوریا کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہاں ملک کے 1948 میں قیام کے بعد کبھی انتخابات ملتوی نہیں ہوئے، وہاں پر 1955 میں کوریا جنگ کے دوران بھی انتخابات ہوئے تھے اور اب بھی کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے دنوں میں بھی وہاں انتخابات ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں

نائب افغان صدر کے قافلے پر بم حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک

نائب افغان صدر کے قافلے پر بم حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک

کابل: آج صبح افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سڑک کنارے بم دھماکے کے نتیجے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے