اترپردیش میں پہلے مرحلے کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں

انڈیا میں پانچ ریاستوں میں جاری اسمبلی انتخابات میں اترپردیش میں پہلے مرحلے کے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

اس مرحلے میں ریاست کے ڈھائی کروڑ سے زیادہ افراد ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ ریاست میں صبح سات بجے ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہوا اور یہ شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

اس سے قبل چار فروری کو دو ریاستوں پنجاب اور گوا میں ووٹ ڈالے جا چکے ہیں جبکہ نتائج کا اعلان 11 مارچ کو ایک ساتھ ہوگا۔

انڈیا کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں سات مرحلوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے اور پہلے مرحلے کے لیے دہلی سے ملحق مغربی علاقوں کے 15 اضلاع میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

اس مرحلے میں 403 مجموعی سیٹوں میں سے 73 نششتوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جن میں فرقہ وارانہ کشیدگی والے علاقے کیرانہ، مظفر نگر اور دادری وغیرہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ میرٹھ، غازی آباد اور آگرہ میں بھی آج ہی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ہی اترپردیش کی سیاست میں مزید شدت آئے گی کیونکہ نریندر مودی کی حکومت کے لیے یہ اب تک کا سب سے بڑا امتحان ہے۔

سنہ 2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی نے یہاں کی 80 لوک سبھا (پارلیمانی) سیٹوں میں سے 71 پرکامیابی حاصل کی تھی جبکہ ریاست میں سماجوادی پارٹی کی حکومت تھی۔

اترپردیش ملک کے رجحان کو طے کرنے میں اہم کردار نبھاتا رہا ہے۔ ایک جانب کانگریس اور سماجوادی پارٹی کا اتحاد ہے تو دوسری جانب سابق وزیر اعلی مایاوتی کی قیادت والی پس ماندہ طبقے کی اہم پارٹی بہوجن سماج پارٹی ہے جبکہ بی جے پی اپنی ساکھ بچانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔

اس مرحلے میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیٹے پنکج سنگھ پہلی بار انتخابات لڑ رہے ہیں اور انھیں نوئیڈا میں سماجوادی پارٹی کے سنیل چودھری سے سخت مقابلہ ہے۔

اس کے علاوہ مظفر نگر میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات سے سرخیوں میں آنے والے سنگیت سوم سردھنا سے میدان میں اور ان کے خلاف سماجوادی پارٹی نے اپنے خاص آدمی اتل پردھان کو اتارا ہے۔

ویسے اس مرحلے میں بی جے پی رہنما حکم سنگھ نے اپنی بیٹی کو میدان میں اتارا ہے۔ حکم سنگھ نے یہ الزام لگایا تھا کہ کیرانہ سے ہندو نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں اور ایک فہرست جاری کی تھی لیکن بعض چینلوں نے ان کے ان الزامات پر تفتیش کی اور انھیں بے بنیاد قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ

سعودی عرب: دنیا کے سب سے بڑے تیل کے برآمدکار سعودی عرب کی عالمی مارکیٹ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے