فلوریڈا کے ہوائی اڈے پر فائرنگ میں پانچ ہلاک

امریکہ میں حکام کے مطابق ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر فائرنگ کے ایک واقعہ میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی حکام اور پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ ایک عراقی شہری کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سینکڑوں افراد باہر سڑک پر کھڑے ہیں جبکہ درجنوں پولیس کی گاڑیاں اور ایمبولینسیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے سابق پریس سیکریٹری ایری فلیچر نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’میں فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر موجود ہوں، یہاں فائرنگ ہوئی ہے، ہر کوئی بھاگ رہا ہے۔‘

عینی شاہدین کا کہنا ہے ’مسلح شخص دبلا پتلا سا تھا اور اس نے سٹار وارز کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔‘

دوسری جانب فلوریڈا کے سینیٹر بل نیلسن نے امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ مسلح شخص کی شناخت ایستیبان سینتیاگو کے نام سے ہوئی ہے تاہم قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

عینی شاہد نے بتایا کہ فائرنگ شروع ہونے کے ایک منٹ سے بھی کم وقت بعد مسلح شخص کو پولیس نے گولی مار دی تھی۔

پولیس کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے اطلاع ملی کہ ٹرمینل پر گولیاں چل رہی ہیں۔

جبکہ بعض عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب اس شخص کے پاس گولیاں ختم ہو گئیں تو اس نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

شیرف سکاٹ اسرائیل نے کہا کہ بندوق بردار کو بغیر گولی چلائے گرفتار کر لیا گيا ہے۔

انھوں نے کہا: ‘ابھی صرف یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس نے تنہا یہ کام کیا ہے۔’

حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایک مسافر تھا جس نے اپنے سامان میں گن اور گولیوں کے ساتھ چیک ان کیا تھا لیکن اس نے لینڈ کرنے پر اپنا سامان حاصل کیا اور پھر بندوق کو باتھ روم میں لوڈ کیا۔

خیال رہے کہ امریکہ میں اسلحے کے ساتھ سفر کرنا قانونی ہے البتہ اسے چیکڈ ان سامان کے ساتھ ٹھوس بکسے میں رکھا جاتا ہے اور گولویں کو بھی سامان کے ساتھ علیحدہ رکھا جا سکتا ہے۔

حملے کی ابتدائی اطلاعات کے دو گھنٹے بعد ایک شخص کو ہتھکریاں پہنائے ایئرپورٹ سے لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمینل 2 پر سامان کے لیے مخصوص علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

میامی کے ایک ٹی وی سٹیشن میں ایک فوٹیج بھی چلائی گئی ہے جس کے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ کے بیگج ٹرمینل سے بھیجی گئی ہے۔

اس ویڈیو میں کئی لوگوں کو فرش پر گرے ہوئے دکھایا گیا ہے اور وہاں موجود دوسرے لوگ مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔

فلوریڈا کے گورنر ائیرپورٹ پہنچ رہے ہیں تاکہ انھیں تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے۔

امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ ’فلوریڈا کی دردناک صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں‘ اور انھوں نے اس حوالے سے فلوریڈا کے گورنر سے بات بھی کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’سب کے لیے دعائیں اور نیک تمنائیں ہیں۔ آپ سب محفوظ رہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں

اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو بچانے کیلئے آگے آنا ہوگا، شاہ محمود کا یواین سربراہ کو فون

اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو بچانے کیلئے آگے آنا ہوگا، شاہ محمود کا یواین سربراہ کو فون

اسلام آباد: بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے