کراچی میں بارش، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

کراچی میں بارش، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

کراچی میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

مون سون کا دوسرا سسٹم سندھ میں داخل ہوتے ہی کراچی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا۔

کراچی کے علاقے نیو کراچی، سرجانی، شارع فیصل، ائیرپورٹ، ڈالمیا، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، ماڈل کالونی اور گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے، کرنٹ لگنے کے واقعات اورنگی ٹاؤن، سولجر بازار، منگھوپیر اور کورنگی میں پیش آئے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے قربانی کے 7 جانور بھی ہلاک ہوئے۔

بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل

بارش کے باعث لیاقت آباد سی ون ایریا، نارتھ ناظم آباد، طارق بن زیاد سوسائٹی،  نارتھ کراچی، نیو کراچی، شادمان ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، پہلوان گوٹھ، صفورا گوٹھ اور اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

بارش کا سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ویل مارکڈ لو پریشر کی صورت میں سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بارش برسانے والے سسٹم کا مرکز ابھی دور ہے، شام کے بعد بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکتاہے اور بارش رات گئے تک جاری رہ سکتی ہے۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں کبھی تیز اور کبھی موسلا دھار بارش ہوگی،  سسٹم کے کمزور ہونے کے امکانات کم ہیں، اتوار کو اس سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے جب کہ سسٹم مزید قریب آیا تو پورے اسپیل میں 150 ملی میٹر کی حد پار کرسکتا ہے۔

شہری کھمبوں اور ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں

کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ بارش کے موسم میں احتیاط برتیں۔

ترجمان کے الیکٹرک نے ہدایت کی کہ شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، برقی آلات کو ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی ہرگز حاصل نہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔

خراب موسم کے باعث پروازیں منسوخ

 ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی ناموافق صورتحال کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے 10 اور 11 اگست کے لئے اپنی بعض پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قومی ائیرلائن کے مطابق ہفتہ 10 اگست 2019 کو کراچی سے سکھر اور پھر کراچی واپسی کی پروازیں پی کے 536 اور 537 ، اسلام آباد سے بہاولپور اور پھر اسلام آباد کی پروازیں پی کے 687 اور 688، اسلام آباد سے سکھر اور پھر اسلام آباد کی پروازیں پی کے 631 اور 632 منسوخ کر دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ 31 جولائی کو بھی شہر میں مون سون بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

تیز بارش نے کراچی ایئر پورٹ کی چھتیں بھی ٹپکا دیں، انتظامیہ نے بالٹی رکھ دی

یہ بھی پڑھیں

حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1289 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات شروع

حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1289 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات شروع

کراچی: عرس کی تقریبات کا آغاز رات گئے سے شروع ہوئی، جب ان کے مزار …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے