ممبئی: اداکارہ زرین خان کی نئی فلم مشکل میں پھنس گئی۔
زرین خان کی فلم ’ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے ‘ کا ریکارڈنگ ڈیٹا ریلیز سے قبل ہیغائب ہوگیا
بھارتی میڈیا کے مطابق زرین خان کی فلم’ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے‘کی تمام محنت پر اس وقت پانی پھر گیا جب ہارڈ ڈرائیو گم ہوگئیں۔ گم ہونے والی دونوں ہارڈ ڈرائیو میں نہ صرف شوٹنگ کی تمام ریکارڈنگ تھی بلکہ اس میں پانچ روز تک بنائی جانے والی تصاویر بھی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد پوری ٹیم ممبئی واپس آگئی لیکن اس کے بعد ڈیجیٹل امیجنگ ٹیکنیشن ہارڈک جوشی ایک ہفتے تک آفس نہیں آیا جس کے بعد کئی بار رابطہ کرنے اور نامناسب جواب ملنے پر اس کے گھر جا کر ملاقات کی گئی اس دوران اس نے ہارڈ ڈرائیو گم ہونے کا انکشاف کیا۔
فلم میکرز نے گم ہونے والی ہارڈ ڈرائیو کی تلاش کے لیے تھانے میں شکایت درج کروا دی۔ فلم کے ہدایت کار ویاس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پولیس اس معاملے کو ہر زاویئے سے دیکھے گی اور ہارڈ ڈرائیو ڈھونڈنے میں ضرور کامیاب ہوگی۔