دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) میں 3 ارب امریکی ڈالر جمع کروانے کی کا اعلان کردیا۔
یو اے ای کے سرکاری خبر رساں ادارے اماراتی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان پاکستان کی مانیٹری پالیسی میں مدد کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ابوظہبی فنڈز برائے ترقیاتی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ رقم آئندہ چند روز کے اندر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائیں گے تاکہ پاکستان کے مرکزی بینک میں غیر ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھایا جاسکے۔
اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی مانیٹری پالیسی میں مدد دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد پر کی جارہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کا اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے تمام شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کا ماسٹر پلان تبدیل کرنے کی منظوری
ایس بی پی کو دی جانے والی رقم تقریباً 4 کھرب 16 ارب روپے سے زائد ہے جو صحت، توانائی، تعلیم اور روڈ انفرااسٹریکچر کے 8 جاری منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔
ادھر وزیرِ اعظم عمران خان نے اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
I want to thank the UAE govt for supporting Pakistan so generously in our testing times. This reflects our commitment and friendship that has remained steadfast over the years.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 21, 2018
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے رقم کی منتقلی کا اعلان دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے قائم اس دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔
واضح رہے کہ ریاض نے اکتوبر میں پاکستان کو بیلنس آف پیمنٹس کے بحران سے نکالنے کے لیے 3 ارب ڈالر کے غیر ملکی کرنسی سپورٹ فراہم کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔