ہندوستانی زبان تیلگو امریکہ, میں, تیزی سے, پھلنے پھولنے, والی زبان ہے

ہندوستانی زبان تیلگو امریکہ میں تیزی سے پھلنے پھولنے والی زبان ہے

ایک امریکی تھنک ٹینک کے مطالعے کے مطابق یہ دعویٰ درست ہے۔ گذشتہ سات سالوں میں جنوبی ہند کی زبان تیلگو بولنے والوں کی تعداد میں 86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بہر حال ابھی بھی امریکہ میں انگریزی کے علاوہ سب سے زیادہ بولی جانے والی 20 زبانوں میں اس کا شمار نہیں ہے

اگر آپ انگریزی کے علاوہ امریکہ میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان کے بارے میں سوچنا شروع کریں تو آپ کے ذہن میں جنوبی ہند کی زبان شاید نہیں آئے۔
لیکن ورلڈ اکنامک فورم کے ایک آن لائن ویڈیو کے مطابق سنہ 2010 سے 2017 کے درمیان امریکی شہریوں میں تیلگو بولنے والوں کی تعداد میں 86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس ویڈیو میں امریکہ میں قائم مرکز برائے پناہ گزین کے ایک مطالعے کا حوالہ دیا گیا ہے جس نے مردم شماری کے اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ امریکہ میں بولی جانے والی زبانیں کس رفتار سے پھیل رہی ہیں۔
تیلگو زبان زیادہ تر جنوبی ہند کی ریاستوں آندھرا پردیش اور تیلنگانہ میں بولی جاتی ہے جہاں کی مشترکہ آبادی آٹھ کروڑ 40 لاکھ ہے۔
سنہ 2011 کی ہندوستانی مردم شماری کے مطابق یہ ملک کی چوتھی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔
امریکہ میں بولی جانے والی زبانوں کے مطالعے کے لیے اعداد و شمار امریکی کمیونیٹی سروے سے لیا گیا جس میں لوگوں نے سنہ 2010 سے 2017 کے درمیان انگریزی کے علاوہ اپنے گھر پر بولی جانے والی زبان کا ذکر کیا تھا۔
گذشتہ سال امریکہ میں چار لاکھ تیلگو بولنے والے لوگ تھے جو کہ 2010 کے مقابلے میں تقریبا دگنا تھے۔
امریکہ میں تیزی سے ترقی کرنے والی دس زبانوں میں سات کا تعلق جنوبی ایشیا کی زبانوں سے ہے۔
امریکہ میں ایک غیر سرکاری ادارے تیلگو پیپلز فاؤنڈیشن کے بانی پرساد کونیسیٹی کا کہنا ہے کہ اس کا بہت حد تک سہرا حیدرآباد شہر اور امریکہ کی انجینیئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے درمیان تعلقات کو جاتا ہے۔ مسٹر کونیسیٹی خود سنہ 2001 میں امریکہ کے آئی ٹی شعبے میں اپنا کریئر بنانے آئے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ سنہ 1990 کی دہائی کے وسط کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تیزی سے آنے والی ترقی کے سبب سافٹ ویئر انجینیئرز کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا۔
ان میں بہت سے حیدرآباد سے آئے جو کہ تیلگو بولنے والا سب سے بڑا شہر ہے۔ آج تیلگو زبان والی دونوں ریاستوں میں 800 سے زیادہ انجینیئرنگ کالجز ہیں۔
یہ شہر ٹیکنالوجی اور انجینیئرنگ کی صنعت کا انڈیا میں مرکز بن گيا اور یہ بڑی تعداد میں انجینیئرز امریکہ بھیج رہا ہے۔
سالہا سال سے تیلگو بولنے والے امریکی آندھر پردیش اور تیلنگانہ سے سافٹ ویئر انجینیئرز کو ملازمت دے رہے ہیں۔
ہت سے ہندوستانیوں نے ‘ایچ 1 بی’ ویزا سکیم کا فائدہ اٹھایا جس کے تحت ٹکنالوجی کے شعبے میں ہزاروں غیرملکیوں کو ہر سال کام کرنے کا ویزا دیا جاتا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق ان میں سے 70 فیصد ویزا ہندوستانیوں کو ملتا ہے اور ان کے حاملین کو مستقل شہریت کے لیے درخواست دینے کی سہولت ہوتی ہے۔
امریکہ میں مقیم تیلگو بولنے والی معروف شخصیتوں میں پہلی ہند امریکی مس امریکہ نینا داوولوری اور مائیکروسافٹ کے حالیہ سی ای او ستیہ نڈیلا بھی شامل ہیں۔
فیصد کے اعتبار سے تیلگو زبان بولنے والوں کی تعداد میں اضافہ خواطر خواہ اس لیے ہے کہ اس کے بولنے والوں کی تعداد دوسری زبانوں کے بولنے والوں کے مقابلے میں پہلے بہت کم تھی۔
سینٹر فار امیگریشن کے مطابق سنہ 2010 سے 2017 کے درمیان ہسپانوی، چینی، عربی، اور ہندی بولنے والوں کی تعداد میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔ ہسپانوی بولنے والوں کی تعداد میں 40 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
امریکہ کی 32 کروڑ کی کل آبادی میں سے چھ کروڑ افراد انگریزی کے علاوہ دوسری زبان بھی بولتے ہیں جن میں اکثریت ہسپانوی بولنے والوں کی ہے۔
امریک میں جنوبی ہند کی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں ہندی پہلے نمبر پر ہے جبکہ اس کے بعد اردو، گجراتی اور پھر تیلگو ہے۔
دریں اثنا امریکہ میں جرمن اور فرانسیسی زبان بولنے والوں کی تعداد کم ہوئی ہے جبکہ گذشتہ دہائی میں اطالوی زبان بولنے والوں کی تعداد میں دو لاکھ کی کمی آئی ہے۔
جن تیلگو بولنے والوں سے سروے میں پوچھا گیا ان میں سے 80 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ اچھی انگریزی بول لیتے ہیں۔
جارج میسن یونیورسٹی میں زبانوں کی پروفیسر جینیفر لیمن نے کہا کہ اس سروے کی ایک کمی یہ ہے کہ مردم شماری میں ان سے یہ پوچھا گیا ہے کہ وہ کتنی اچھی انگریزی بول لیتے ہیں نہ کہ دوسری زبانوں میں ان کی صلاحیت کیا ہے۔
انھوں نے کہا: ‘جو اچھی انگریزی بولتے ہیں اور خاص طور سے جو امریکہ میں ہی پیدا ہوئے ہیں یا بچپن میں ہی امریکہ آ گئے ان کے بارے میں یہ پتہ چلانا بہت مشکل ہے کہ غیر انگریزی زبانوں میں ان کی صلاحیت کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی تاجروں نے پاکستان سے تمام آرڈر منسوخ کر دیے

بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی تاجروں نے پاکستان سے تمام آرڈر منسوخ کر دیے

نئی دہلی: پلوامہ حملے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے