ہریتھک روشن کی طلاق یافتہ بیوی سے دوبارہ شادی کی افواہیں

آنے والی فلم ‘سپر تھرٹی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ایکشن ہیرو ہریتھک روشن آج کل اپنی سابقہ بیوی سوزین خان کے ساتھ گھومتے نظر آتے ہیں، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ دوبارہ شادی کرنے والے ہیں۔

44 سالہ ہریتھک روشن اور 39 سالہ سوزین خان کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی تھی۔ دونوں نے زندگی کے 14 سال ایک ساتھ گزارنے کے بعد خاموشی سے ایک دوسرے کو خدا حافظ کہا۔

تاہم بعد ازاں یہ خبریں بھی آئیں کہ ان دونوں کے درمیان طلاق کی وجہ ہریتھک روشن کی جانب سے بے وفائی اور ممکنہ طور پر اداکارہ کنگنا رناوٹ سے بڑھتی قربتیں ہیں۔

لیکن ہریتھک روشن نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی طلاق کی وجہ ان کی بے وفائی نہیں۔

سوزین خان نے بھی اپنی طلاق پر خاموشی توڑی تھی اور ذو معنی الفاظ میں کہا تھا کہ ان کے تعلقات اس موڑ پر پہنچ چکے تھے، جہاں سے آگے بڑھنے ممکن نہیں تھا۔

طلاق کے ابتدائی 2 سال تک وہ ایک دوسرے سے دور رہے، تاہم طلاق کا تیسرا سال ان کے لیے اچھا ثابت ہوا اور وہ اپنے 2 بچوں کی وجہ سے ایک دوسرے کے قریب آنے لگے۔

گزشتہ 2 سال سے انہیں متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا، ساتھ ہی دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے لیے کہے گئے تعریفی جملوں کی وجہ سے یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ وہ جلد دوبارہ شادی کرنے والے ہیں۔

گزشتہ چند ہفتوں میں انہیں مسلسل ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد بھارتی میڈیا میں ان کی جانب سے پھر سے شادی کرنے کے فیصلے کی خبریں بھی شائع ہوئیں۔

تاہم دکن کیرونیکل نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ ہریتھک روشن اور سوزین خان دوبارہ شادی کا نہیں سوچ رہے۔

اخبار نے جوڑے کے قریبی ذرائع سے بتایا کہ دونوں کے ذہنوں میں دوبارہ شادی کرنے کا کوئی خیال نہیں، البتہ دونوں نے بچوں کی خاطر ساتھ چلنے، ایک دوسرے کو وقت دینے اور دوستی نبھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ساتھ ہی ذرائع نے بتایا کہ دونوں کے ذہنوں میں بچوں کی بہتر پرورش اور اپنی دوستی کو برقرار رکھنے کے لیے کئی بہتر خیالات ہیں، تاہم دونوں نے پھر سے شادی کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ ہریتھک روشن نے 2000 میں سوزین سے 4 سالہ دوستی کو رشتے داری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان سے شادی کی تھی،ان دونوں کے 2 بیٹے ہیں جن میں ہری ہرن کی عمر 11 سال جبکہ ہری دھان 9 سال ہیں۔

سوزین خان بالی وڈ ڈائریکٹر اور اداکار سنجے خان کی بیٹی اور اداکارہ زائد خان کی بہن جب کہ فردین خان کی کزن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

حمزہ علی عباسی

‘نہیں معلوم تھا کہ میں اپنے مستقبل کے ساتھ کھڑی ہوں’

اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور خان نے سوشل میڈیا پر شادی سے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے