پاک فوج چاہتی ہے کہ امریکا افغانستان سے فاتح اور کامیاب ہوکر نکلے، آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو بھارت ہماری کمزوری نہ سمجھے جب کہ سیاست اور الیکشن میں فوج کو نہیں گھسیٹنا چاہیے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 2018 میں 1 ہزار 77 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں اور 48 پاکستانیوں کو شہید کیا، بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کی جانب سے پہلی گولی آنے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا تو جواب نہیں دیں گے لیکن دوسری گولی آتی ہے تو بھرپور جواب دیں گے۔
فاٹا انضمام
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم نے سیکھا ہے کہ سب سے پہلے پاکستان ہے، امن لانا ہے تو فوج اور حکومت پر اعتماد رکھنا ہوگا، افغانستان کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور ان کے ساتھ بہت مثبت بات چیت ہوئی، آرمی چیف سے افغان وفد کی ملاقات بھی مثبت رہی، فاٹا کا خیبرپختون خوا میں انضمام تاریخی کامیابی ہے، اگرچہ 100 فیصد اتفاق رائے نہیں تھا اور کچھ عمائدین انضمام نہیں چاہتے تھے، لیکن فاٹا اب خیبرپختون خوا کا حصہ ہے جسے ترقی اور بہتری کی طرف لے کر جانا ہے۔
پشتون تحفظ موومنٹ
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا پی ٹی ایم کے جلسے کو کیوں براہ راست نشر کررہا ہے، آرمی چیف کی سخت ہدایت تھی کہ پی ٹی ایم کے جلسے کو طاقت سے منتشر نہیں کرنا، لاہور جلسے میں آرمی چیف نے پولیس کو پی ٹی ایم کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے منع کیا، تاحال پی ٹی ایم کے خلاف کوئی کریک ڈاؤن نہیں کیا گیا، لیکن اب ہمارے پاس پی ٹی ایم کے خلاف بہت سارے ثبوت ہیں، یہ لوگ استعمال ہورہے ہیں، وانا میں پی ٹی ایم کارکن فوج مخالف نعرے لگا رہے تھے، امن کمیٹی نے منع کیا تو دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس میں ہلاکتیں ہوئیں، لیکن سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف پروپگینڈا کیا جارہا ہے، آپ ریاست کو طاقت کے استعمال پر مجبور کررہے ہیں، ہمارے خلاف الزام لگانے اور نعرے لگانے سے فوج کو کوئی فرق نہیں پڑتا، جو بھی پاکستان کی خدمت کرتا ہے یہ وردی اس کی ہے، فوج کو گالیاں دینے سے آپ کا قید اونچا ہوتا ہے تو کریں لیکن پاکستان کا قد نیچے ہوتا ہے تو یہ کام نہ کریں۔
میڈیا کو ڈکٹیشن
ترجمان پاک فوج نے میڈیا مالکان کو کسی طرح کی ہدایات دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا مالکان سے جب بھی بات ہوئی میں نے کہا پاکستان کو اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے، میڈیا نمائندوں کو کبھی ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش نہیں کی۔
بلوچستان
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے 100 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث سلمان بادینی کو ہلاک کیا گیا، اس پر ہزارہ کمیونٹی کا بہت اچھا رد عمل سامنے آیا، سلمان بادینی کا نیٹ ورک توڑنے سے بلوچستان میں امن کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔
ایران
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایران کے ساتھ سرحد پر حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، آرمی چیف کے دورہ ایران اور آئی جی ایف سی کے رابطوں کا بہتر نتیجہ نکل رہا ہے۔
اسد درانی
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اسد درانی سیاسی وجوہات کی وجہ سے فوج سے قبل از وقت ریٹائر ہوئے، انہوں نے اپنی کتاب میں ریٹائرمنٹ کے بعد کے واقعات لکھے، سروس کے بعد کی باتوں پر آپ اپنا تجربہ اور مشاہدہ لکھ رہے ہیں تو وہ غلط ہے، جلد از جلد انکوائری کا نتیجہ سامنے آجائے گا، وردی پہننے سے فرشتہ نہیں بن جاتے، غلطی کرنے پر سزا بھگتنی پڑتی ہے، غلطی پر پاک فوج نے چاہے جرنل ہو یا سپاہی کسی کو معاف نہیں کیا۔
الیکشن 2018
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم سے زیادہ کسی کو خوش نہیں کہ حکومت نے اپنی مدت پوری کی، 2018 الیکشن کا سال ہے، تاہم سیاست اور الیکشن میں فوج کو نہیں گھسیٹنا چاہیے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اس سے فوج کا کوئی تعلق نہیں، فوج کو آئینی حدود میں جو کردار سونپا گیا وہ اسے ادا کرے گی۔
افغانستان
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج چاہتی ہے کہ امریکا افغانستان سے فاتح اور کامیاب ہوکر نکلے، اس سلسلے میں پاکستان امریکا کی ہر ممکن مدد کرے گا، افغان سرحد پر باڑ لگانے کے بعد سے سرحد پار فائرنگ کے 71 واقعات پیش آئے، پاکستان سیکیورٹی فورسز نے دودہائیوں کے دوران بہت کچھ سیکھا ہے، افغانستان میں امن کی خواہش پاکستان سے زیادہ کسی کی نہیں، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتے ہیں، افغانستان سے اپنی چوکیوں پر حملوں کو برداشت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں

ہیپاٹائٹئس, پروگرام, کے تحت حالیہ, سروے کی, رپورٹ سامنے ,آگئی

ہیپاٹائٹئس پروگرام کے تحت حالیہ سروے کی رپورٹ سامنے آگئی

لاہور: پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد نے بتایا کہ پنجاب کے 4600 گھروں کا سروے کیا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے