کیا آپ کو معلوم ہے سری دیوی مصورہ بھی تھیں؟

ممبئی: آنجہانی سری دیوی کی اداکاری اور رقص میں مہارت کے علاوہ بہت کم لوگوں کو یہ علم ہوگا کہ انہیں پینٹنگ کا بھی شوق تھا اور وہ کافی عرصے سے مصوری کے جوہر دکھا رہی تھیں۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق بالی وڈ سپر اسٹار نے مبینہ طور پر پینٹنگ کی نمائش میں اپنی 2 تصاویر رکھی تھیں، جن کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم خیراتی ادارے کو دی جانی تھی۔

آنجہانی اداکارہ نے ایک پینٹنگ میں مائیکل جیکسن کے کلاسک پوز کو کینوس پر اتارا تھا جبکہ سونم کپور کی پینٹنگ میں بھی انہوں نے ان کی پہلی فلم ’سانوریا‘ سے ایک پوز بنایا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان کی بنائی ہوئی یہ پینٹنگز دبئی میں ہونے والی نمائش میں رکھی گئی ہیں جو 8 سے 10 لاکھ روپے میں نیلام کی جائیں گی۔

سری دیوی اِن پینٹنگز کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم خیراتی ادارے کو دینا چاہتی تھیں۔

کچھ عرصہ قبل سری دیوی نے سلمان خان کے رئیلٹی شو ’دس کا دم‘ میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ پینٹنگ ٹپس سلمان خان سے لیتی ہیں۔

اس موقع پر ان کے ساتھ ان کے شوہر بونی کپور بھی تھے ۔

واضح رہے کہ سری دیوی 24 اور 25 فروری کی درمیانی شب دبئی کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے واقع ہوئی، تاہم بعدازاں دبئی کے پبلک پراسیکیوشن نے موت کی وجہ حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے کو قرار دیا تھا۔

ان کی آخری رسومات گذشتہ روز ممبئی میں ولے پارلے کے شمشان گھاٹ میں ادا کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں

محکمہ جنگلی حیات کی رابی پیر زادہ کیخلاف کارروائی

لاہور: گلوکارہ رابی پیرزادہ کو گھر میں اژدھے، مگرمچھ اور سانپ رکھنا مہنگا پڑ گیا۔ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے