چکوال میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ ختم، نتائج موصول ہونا شروع

چکوال: پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 20 چکوال پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل ختم ہو گیا ہے۔ ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہا، اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری سلطان حیدر اور تحریک انصاف کے طارق افضل کالس کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

دیگر امیدواروں میں تحریک لبیک کے ناصر عباس، عوامی نیشنل پارٹی کے چوہدری عمران قیصر عباس اور آزاد امیدوار ڈاکٹر طفیل بھی میدان میں ہیں۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 530 ہے جن میں ایک لاکھ 44 ہزار 191 مرد اور ایک لاکھ 35 ہزار 339 خواتین شامل ہیں۔

ضمنی انتخاب کے لئے مجموعی طور پر 227 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں مردوں اور خواتین کے لئے 61،61 اور 105 مشترک پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی چوہدری لیاقت علی خان کے انتقال کے بعد پی پی 20 چکوال کی نشست خالی ہوئی تھی۔

پی پی 20 چکوال:

2013 کے عام انتخابات میں اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری لیاقت علی خان نے 62 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کرتے ہوئے آزاد امیدوار چوہدری اعجاز حسین فرحت کو 26 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔

30 اکتوبر 2017 کو ان کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ (ن) نے ان کے 32 سالہ صاحبزادے سلطان حیدر کو پارٹی ٹکٹ دیا۔

چوہدری لیاقت علی خان مرحوم اس نشست پر 1985 کے بعد 7 مرتبہ کامیاب ہوئے، گریجوشن کی شرط کے باعث وہ 2002 اور 2008 کے انتخابات میں حصہ نہ لے سکے تاہم ان کی جگہ ان کی اہلیہ نے اس نشست پر انتخاب لڑا۔

2002 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے چوہدری اعجاز حسین فرحت کو اس نشست پر کامیابی ملی اور چوہدری لیاقت علی خان کی اہلیہ عفت لیاقت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لیکن 2008 کے انتخابات میں انہوں نے اس نشست پر 50 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں

برقی موٹرسائیکلوں کی تیاری کا عمل شروع

برقی موٹرسائیکلوں کی تیاری کا عمل شروع

لاہور: میں گذشتہ ایک دہائی کے دوران اس مسئلے کا حل نکالنے کے لیے مختلف …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے