کراچی علاقہ غیر اور میں بے بس نہیں، زمینوں پر قبضے خود ختم کراؤں گا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کی زمین یہاں کے عوام کی ہے اور یہ علاقہ غیر نہیں، زمینوں پر غیر قانونی قبضے خود ختم کراؤں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے زمینی معاملات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو کورنگی اور دیگر علاقوں میں گاربیج کی منتقلی اور لینڈ فل سائیٹ کیلئے زمین کے مسائل ہیں۔

وزیر بلدیات جام خان شورو نے دوران بریفنگ بتایا کہ جی ٹی ایس کیلئے کے ڈی اے نے سیکٹر 52 کورنگی میں گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کیلئے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو زمین الاٹ کی ہے، جبکہ پاک آرمی کا کہنا ہے کہ یہ زمین ان کی ہے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ضلع شرقی کیلئے سہراب گوٹھ میں جی ٹی اے کیلئے زمین دی گئی ہے، لیکن اس زمین پر غیر قانونی قبضہ کیا جا رہا ہے، ضلع ملیر کے دیہی گنگیارو پر 40 ایکڑ زمین ہے، جس پر بھی کچھ بااثر لوگوں کا قبضہ ہے، اس کے علاوہ میوہ شاہ اور دھوبی گھاٹ پر بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی زمین پر قبضہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو زمین کا ریکارڈ اور اس کی ملکیت واضح کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کراچی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی انتظامیہ قبضہ مافیا کے سامنے اتنی بے بس ہے، یہ کراچی ہے کوئی علاقہ غیر نہیں کہ لوگ آپ کو کام کرنے نہیں دے رہے، یہ دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہوا، لیکن میں بے بس نہیں، میں خود نکلوں گا اور قبضہ ختم کراؤں گا، یہ زمین کراچی کی عوام کی ہے، میں اس کو لوٹنے نہیں دوں گا، اگر آج آپ نے یہ قبضہ نہیں چھڑوایا، تو میں خود آؤں گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی، ممبر ایل یو، ڈی جی کے ڈی اے اور ایڈیشنل آئی جی کراچی پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی۔ مجوزہ کمیٹی واگزار کرائی گئی زمین کا رکارڈ ترتیب دے کر تصدیق کے بعد اس کو محفوظ کرے گی اور اس پر تجاویز دے گی۔

یہ بھی پڑھیں

امراض قلب, میں مالی, بحران شدت, اختیار کرگیا

امراض قلب میں مالی بحران شدت اختیار کرگیا

کراچی: امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں مالی بحران کے باعث دوائیں اور …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے