وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ اور اقتصادی امور کی ذمہ داریاں واپس

اسلام آباد: پانامہ کیس میں زیر تفتیش وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ اور اقتصادی امور کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے طبعیت کی ناسازی کے باعث وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لینے اور ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے سے متعلق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو 20 نومبر کو خط لکھا، جو آج وزیراعظم کو موصول ہوا، جس پر سابق وزیراعظم نوازشریف سے مشاورت کے بعد شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کی چھٹیاں منظور کرتے ہوئے ان سے تمام ذمہ داریاں واپس لے لیں۔ وفاقی وزرا اور وزیر مملکت کی چھٹی اور استحقاق سے متعلق رولز 17 (1) 1975 کے مطابق انہیں چھٹی دی گئی ہے، رولز کے تحت یہ چھٹی زیادہ سے زیادہ 3 ماہ پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ اسحاق ڈار سے واپس لی گئی ذمہ داریاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس رہیں گی اور مشاورت کے بعد وہ وزارت خزانہ کا قلمدان کسی اور شخص کودینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز میں ایک وزیر مملکت کو خزانہ کا چارج دیا جائے گا تاکہ اسمبلی اور سینٹ کے امور کو نمٹایا جا سکے، لیکن وزارت توانائی اور پٹرولیم کی طرح وزارت خزانہ وزیراعظم کے پاس ہی رہے گی۔ اسحاق ڈار گزشتہ کئی دنوں سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا عارضہ قلب کا علاج جاری ہے جب کہ ڈاکٹروں نے انہیں ناسازی طبعیت کے باعث سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنسز میں فردجرم عائد کررکھی ہے جب کہ مقدمات سے مسلسل غیر حاضری پر انہیں مفرور قرار دیا گیا ہے اور ان کے خلاف اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی بھی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں

کامیاب جوان پروگرام ملک بھر میں زبردست پذیرائی

کامیاب جوان پروگرام ملک بھر میں زبردست پذیرائی

اسلام آباد: وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کو ملک بھر میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے، …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے