ناصر شیرازی کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرنا مضحکہ خیز اور حساس اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ایم ڈبلیو ایم جی بی

گلگت: مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے رہنماوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کی جبری گمشدگی ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مذہبی سیاسی جماعت کے رہنماء کا اغواء مسلم لیگ نون کی کارستانی ہے۔ اگر پنجاب حکومت ناصر شیرازی کے اغواء میں ملوث نہیں ہے تو ان کی جبری گمشدگی ظاہر کرتی ہے کہ پورے صوبے میں انکی رٹ ختم ہو چکی ہے۔ ایسے میں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کی ہمنواء حکومت کو معزول کر کے ایسی حکومت سامنے لائی جائے جس میں شہریوں کی جان، مال، عزت و آبرو کا تحفظ یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی جیسی محب وطن، اتحاد بین المسلمین کی داعی، پاکستان کی نظریاتی و فکری سرحدوں کی محافظ شخصیت کو اغواء کر کے حکومت چاہتی ہے کہ ملک کے امن و امان کی صورتحال خراب ہو اور ملت جعفریہ کا تصادم ریاستی اداروں کے ساتھ ہو۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے کہا کہ سید ناصر شیرازی اس وقت کہاں ہے حساس اداروں کو معلوم ہے کیونکہ ریاست کے حساس ادارے دنیا کے بہترین اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ ایک اہم شخصیت موبائل فون سمیت تخت لاہور کی معروف شاہراہ سے اٹھائی جاتی ہے اور انکو مخفی رکھنے والی جگہے کا علم نہ ہو ہرگز ممکن نہیں۔ اگر انہیں معلوم نہ ہو تو یہ خود حساس اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اور افسوسناک ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سالمیت کے لیے بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے والے، دہشتگردوں کی اخلاقی و مالی پشت پناہی کرنے والے، ملک کو مختلف طریقوں سے نقصان پہنچانے والے، ریاستی اداروں کو کمزور کرنے والے مجرمین یا تو ایوانوں میں بیٹھے ہیں یا ریاستی پروٹول کے اندر گھوم رہے ہیں۔ دوسری طرف وطن عزیز کے مفادات پر اپنے مفادات کو قربان کرنے والے، دہشتگردی کی ہر صورت کی مخالفت کرنے والے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے والے اس وطن کے حقیقی بیٹوں کو یا تو ٹارگٹ کلکنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے یا دہشتگردوں کی ہمنوا جماعتوں کے ذریعے اغوا کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ لہٰذا ہم پاکستان آرمی کے سربراہ، عدالت عظمیٰ کے سربراہ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ناصر شیرازی سمیت دیگر جبری گمشدگان کے معاملے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں بازیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کریں نیز ریاست میں افراتفری پھیلانے والے مودی کے کاروباری شراکت داروں کا گھیرا تنگ کیا جائے۔ نیز پاکستان کی محب وطن ملت کو دیوار سے لگانے کی مذموم سازش کو ناکام بنا کر تمام مکاتب فکر کو انکی تعلیمات کے مطابق آزادانہ زندگی گزرانے کا موقع فراہم کر کے انسانی بنیادی حقوق کو یقینی بنائیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاستی اداروں کو اپنی حکومت کے لیے استعمال کرنے والی طاقتوں کے مذموم مقاصد کو کامیاب نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ناصر عباس شیرازی کو کسی قسم کا نقصان ہوا تو تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں ایم ڈبلیو ایم جی بی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد علی نوری، شیخ مبارک عارفی، وزیر سلیم، فدا علی شگری، حاجی محمد علی، سید الیاس موسوی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں

ملک, کی معاشی, صورتحال, دن بدن خراب, ہورہی ہے

ملک کی معاشی صورتحال دن بدن خراب ہورہی ہے

گلگلت: پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے