’’گول مال اگین‘‘نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار اجے دیوگن اور ہدایت کارروہت شیٹھی کی فلم ’’گول مال اگین‘‘نے ریلیز کے پہلے دن 33 سے 34کروڑ کی کمائی کرکے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے۔
اجے دیوگن، پرینیتی چوپڑا، تشار کپور، ارشد وارثی،کنال کھیمو، شریاس تلپڑے اور تبو جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم ’’گول مال اگین‘‘کی ریلیز سے قبل امید کی جارہی تھی کہ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوجائے گی تاہم یہ کامیابی اتنی شاندار ہوگی اس کا اندازہ فلم کی کاسٹ سمیت ہدایت کار روہت شیٹھی کو بھی نہیں ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گول مال سیریز کی چوتھی فلم ’’گول مال اگین‘‘اور عامر خان کی ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘دیوالی کے موقع پر ریلیز کی گئی تھیں، دونوں فلموں کے درمیان کڑے مقابلے کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم عامر خان کی ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘توقع کے خلاف شائقین کو زیادہ متاثر نہ کرسکی اور ریلیز کے پہلے روز صرف 4 کروڑ 80 لاکھ کا بزنس ہی کرسکی۔ دوسری جانب ’’سیکریٹ سپر اسٹار ‘‘کے ایک روز بعد ریلیز ہونے والی فلم’’گول مال اگین‘‘نے توقع سے بڑھ کر شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’’گول مال اگین‘‘ ریلیز کے پہلے روز 33 سے 34 کروڑ کا بزنس کرنے کے ساتھ رواں سال کی اب تک کی کامیاب فلم بن گئی ہے۔ گول مال اگین نے ورون دھون کی ’’جڑواں 2‘‘کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے۔ فلم ’’جڑواں2‘‘نے ریلیز کے پہلے روز 15 کروڑ 55 لاکھ کا بزنس کیا تھا جس کے باعث اس فلم کو رواں سال کی سب سے کامیاب فلم قرار دیا جارہا تھا تاہم اب اجے دیوگن کی گول مال نے ورون کی فلم کو مات دے دی ہے۔
فلم ’’گول مال اگین‘‘کی کہانی گزشتہ سیریز کی طرح کامیڈی اور مزاح سے بھرپور ہے تاہم اس بار روہٹ شیٹھی نے کچھ الگ کرتے ہوئے فلم میں جن اور بھوتوں کا اضافہ کیا ہے۔ بلاشبہ لوگوں کو روہت شیٹھی کی یہ کاوش پسند آئی یہی وجہ ہے کہ لوگوں کی بڑی تعدادسینماؤں کا رخ کررہی ہے۔
بھارتی تجزیہ نگاررامیش بالانے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم ریلیز کے پہلے روز 30 کروڑ کا ہندسہ چھولے گی۔ جب کہ ترن آدرش نے گزشتہ روز ٹوئٹ کرتے ہوئے فلم کو سپر ہٹ قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

نانا پاٹیکر کو جنسی ہراساں کیس میں کلین چٹ مل گئی

نانا پاٹیکر کے خلاف اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے دائر کروایا گیا جنسی طور …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے