آصف زرداری پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں انہیں کٹھ پتلی کی کوئی پرواہ نہیں، ترجمان بلاول ہاؤس

کراچی: عمران خان کی جانب سے پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ آصف زرداری پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں اور انہیں کٹھ پتلی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ترجمان بلاول ہاؤس بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان شتر مرغ کی طرح آنکھیں بند کر رہے ہیں،  جس احتساب کا سامنا آصف علی زرداری نے کیا موجودہ سیاسی دور میں اس کی مثال نہیں ملتی، آصف زرداری ساڑھے 11 سال جیل کاٹ کر انہی عدالتوں سے بری ہو چکے ہیں، آصف زرداری کی زبان کاٹی گئی اور ان پر سخت تشدد کیا گیا لیکن کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، آصف زرداری پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں اور انہیں کٹھ پتلی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پوری قوم کو پتا ہے کہ نواز شریف کے بعد عمران کی باری ہے، اگلی باری آصف زرداری کی ضرور ہے لیکن حکومت کرنے کی، عمران خان اپنی خیر منائے کیوں کہ 62 اور 63 اب ان کی طرف آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بدحواسی میں بیان دینا بند کریں، عمران خان یہ تاثر دینا چھوڑ دیں کہ ملک کے سب ادارے ان کی مٹھی میں بند ہیں، عمران خان کچھ عرصے میں میاں اظہر بننے جا رہے ہیں اور اڈیالہ جیل ان کا انتظار کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان جمہور اور جمہوریت دونوں کی سمجھ نہیں رکھتے اور ان کی حیثیت ایک ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں کی باری چھوڑیں کیونکہ ان کی باری جلد آنے والی ہے، عمران خان اخلاقی اور سیاسی طور پر جلد نااہل ہوں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے یوم تشکر جلسے میں جہاں شریف برادران کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ نواز شریف کے بعد اب آصف زرداری کی باری ہے کیونکہ انہوں نے بھی قوم کا بڑا پیسہ چوری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

مساجد, و گلی, محلوں میں, میلاد و ذکر و نعت کی محافل

مساجد و گلی محلوں میں میلاد و ذکر و نعت کی محافل

کراچی: رحمتوں اور برکتوں بھری رات شب برات آج ملک بھر میں عقیدت و احترام …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے